سپریم کورٹ آف پاکستان 14

سپریم کورٹ میں قتل کیس: ریاست نے ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لینے کی استدعا کر دی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں قتل کے مقدمے میں ملزم ذوالفقار کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر جنرل سندھ بیرسٹر شبیر شاہ نے عدالت میں ایک سرکلر پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پراسیکیوشن ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صوبے کے تمام پراسیکیوٹرز کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

بیرسٹر شبیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ضمانت دینے اور ضمانت منسوخ کرنے کے قانونی تقاضے ایک دوسرے سے مختلف ہیں، جبکہ صرف ضمانت کے حکم میں موجود خامیوں کی بنیاد پر ضمانت منسوخ نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے سپریم کورٹ کے سابقہ حکم پر ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی، تاہم اب تمام پراسیکیوٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ کسی بھی درخواست سے قبل تحریری قانونی رائے حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں