عدالت 10

سندھ ہائی کورٹ،کے ڈی اے میں معذور کوٹے پر ملازمت نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ میں کے ڈی اے کی جانب سے بینائی سے محروم بہن بھائی کو معذور کوٹے کے تحت مستقل ملازمت نہ دینے کے خلاف چیف سیکریٹری سندھ اور ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے 9 اکتوبر 2026 کو ڈی جی کے ڈی اے کو تین ہفتوں میں معذور کوٹہ نافذ کرنے اور دستیاب اسامیوں پر شفاف طریقے سے تقرریاں کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے دونوں بہن بھائی کو معذور کوٹے کے تحت مستقل کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

وکیل کے مطابق درخواست گزار صائمہ اور مجتبیٰ کے ڈی اے میں کنٹریکٹ پر تعینات رہے اور دو سے تین سال تک خدمات انجام دیتے رہے۔ عدالتی احکامات کے تحت انہیں معذور کوٹے پر مستقل ہونا تھا، تاہم احکامات کے باوجود انہیں مستقل ملازمت فراہم نہیں کی گئی۔درخواست گزاروں کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ اور ڈی جی کے ڈی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جنوری کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں