کریتی سینن 9

کریتی سینن نے ہر فلم میں مشکل مناظر تلاش کرنے کی وجہ بتا دی

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے انکشاف کیا ہے کہ فلموں کا انتخاب کرتے وقت میں ایسے مناظر کو خصوصی اہمیت دیتی ہوں جو میرے لیے اداکاری کے اعتبار سے ایک نیا چیلنج ثابت ہوں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہر فلم میں کم از کم ایک ایسا منظر ضرور تلاش کرتی ہوں جسے دیکھ کر مجھے خود بھی یہ سوال کرنا پڑے کہ آیا میں اسے کامیابی سے ادا کر پاں گی یا نہیں، ایسے مناظر مجھے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے اور بطور اداکارہ حدود سے آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

حالیہ گفتگو کے دوران کریتی سینن سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی کردار کی کہانی سننے کے بعد آپ کو اسے ادا کرنے میں مشکل پیش آئی یا خوف محسوس ہوا؟ جس پر اداکارہ نے بتایا کہ مجھے ایسے مناظر کرنا پسند ہیں جن میں مجھے کچھ مختلف کرنے کا موقع ملے، بالخصوص جذباتی شدت سے بھرپور فلموں میں۔کریتی سینن نے اپنی 2024 کی فلم دو پتی کی مثال دیتے ہوئے ایک مشکل منظر کا ذکر کیا، جس میں انہیں دو مختلف کرداروں سومیا اور شیلی کا روپ دھارنا تھا۔اداکارہ کے مطابق اس منظر میں سومیا جذباتی طور پر ٹوٹ جاتی ہے اور اپنی شناخت کے ساتھ والدہ کی یادوں کے درمیان الجھ جاتی ہے، جبکہ اسی منظر میں دوسرا کردار شیلی بھی موجود ہوتا ہے، چونکہ کسی دوسرے اداکار کے بغیر دونوں کردار خود ہی ادا کرنے تھے،

اس لیے منظر کی عکس بندی کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی اور مشقوں کی ضرورت پیش آئی۔کریتی نے بتایا کہ مجھے دونوں کرداروں کی حرکات، اشاروں اور ایک دوسرے کے ساتھ ردِعمل کا پہلے سے تعین کرنا پڑا تاکہ منظر کو حقیقت کے قریب انداز میں پیش کیا جا سکے۔اداکارہ کے مطابق ایسے مشکل مناظر کو ادا کرنے کا طریقہ تلاش کرنا ہی مجھے بطور اداکارہ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔کریتی سینن اب تک مختلف موضوعات اور اصناف کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جن میں تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا اور دو پتی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں