روس 61

سعودی عرب اور روس کے درمیان ویزا فری معاہدے کا نفاذ

ماسکو(رپورٹنگ آن لائن) سعودی عرب اور روس کے درمیان باہمی ویزا فری سفری معاہدہ 11 مئی 2026 سے باقاعدہ طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے شہری مختصر مدت کے سفر کے لئے بغیر ویزا ایک دوسرے کے ممالک جا سکیں گے۔

روسی اور سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے شہری سیاحت، کاروبار، خاندانی ملاقاتوں اور مختصر دوروں کے لیے بغیر ویزا سفر کر سکیں گے جبکہ ایک سال کے دوران زیادہ سے زیادہ 90 دن قیام کی اجازت ہوگی۔

روسی میڈیا ادارے ’’ازویستیا‘‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ روسی وزارت اقتصادی ترقی کے حکام کے مطابق اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تجارت اور عوامی روابط میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ دسمبر 2025ء میں ریاض میں منعقدہ سعودی، روسی سرمایہ کاری و بزنس فورم کے دوران طے پایا تھا۔

رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ سفارتی، خصوصی اور عام پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں پر لاگو ہوگا جبکہ روس پہلا ملک بن گیا ہے جس کے ساتھ سعودی عرب نے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے مکمل ویزا فری معاہدہ کیا ہے۔

تاہم دونوں ممالک نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت ملازمت، تعلیم، مستقل رہائش، حج یا عمرہ کے لئے قابلِ استعمال نہیں ہوگی اور ان مقاصد کے لئے علیحدہ ویزا درکار ہوگا۔

ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے روس اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں