شازیہ ماریہ 10

سانحہ کارساز جمہوریت اور عوامی جدوجہد کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے، شازیہ مری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے 18 اکتوبر سانحہ کارساز کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز جمہوریت، عوامی جدوجہد اور پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے۔ 18 اکتوبر 2007 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر کراچی میں عوام کا سمندر امن، جمہوریت اور امید کا پیغام لے کر نکلا تھا، تاہم شہید قائد کے استقبال کے لیے جمع ہونے والے جیالوں کی خوشیاں دہشت گردی کے ایک المناک سانحے میں بدل گئیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ سانحہ کارساز میں جمہوریت کے متوالوں نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی۔ شہداء نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے اپنی بے مثال محبت، وفاداری اور عقیدت کا ثبوت دیا، جبکہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جیالوں کی شہادتیں اس عہد کی گواہ ہیں کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کے لیے ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے۔ 18 اکتوبر کا دن یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت کی شمع روشن رکھنے کے لیے پارٹی کارکنوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں اور سانحہ کارساز کے شہداء کا لہو جمہوری جدوجہد میں ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔

شازیہ مری نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے جمہوریت کی آواز دبانے کی کوششیں پیپلز پارٹی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں عزم، حوصلے اور جدوجہد کا پیغام ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کارکن آئندہ بھی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے سانحہ کارساز کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں