عظمی بخاری 18

سالک حسین جس تھالی میں کھا رہے ہیں، اسی میں چھید نہ کریں، عظمیٰ بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے سالک حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی مرضی کا ایک ڈپٹی کمشنر تعینات نہ ہونے پر اتنا غصہ مناسب نہیں،وزیراعلی مریم نواز کسی کے کہنے پر ڈپٹی کمشنر تعینات نہیں کرتیں بلکہ میرٹ اور حکومتی پالیسی کے مطابق فیصلے کرتی ہیں،مریم نواز نے پنجاب میں پسند ناپسند اور سفارش کی بنیاد پر فیصلوں کا کلچر ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے۔انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا اور رسہ گیروں کے لیے اب کوئی گنجائش نہیں۔

سفارشوں کے ذریعے ڈیرے کے ملازمین کو سرکاری عہدوں پر نوازنے کا رواج بھی ختم ہو چکا ہے۔ سالک حسین جس تھالی میں کھا رہے ہیں، اسی میں چھید نہ کریں۔ بیان بازی کرنے کے بجائے انہیں شافع حسین سے حقائق معلوم کر لینے چاہئیں تھے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کے بجٹ کو شفاف اور منصفانہ انداز میں صوبے کے چھوٹے شہروں تک منتقل کیا ہے۔ پہلی مرتبہ بلا تفریق پنجاب کے تمام شہروں میں یکساں نوعیت کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ پورے صوبے میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جبکہ پنجاب کے تمام شہریوں کا صوبائی وسائل اور خزانے پر اتنا ہی حق ہے جتنا لاہور کے شہریوں کا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے بچوں کو ملنے والے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس گجرات، ملتان، رحیم یار خان، ساہیوال اور سرگودھا کے طلبہ کو بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

لاہور میں چلنے والی الیکٹرک بسیں ملتان، وہاڑی اور رحیم یار خان میں بھی عوام کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بھی پورے پنجاب میں مستحق خاندانوں کے لیے گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاہور میں رائج صفائی کا نظام پنجاب کے دیہی علاقوں تک بھی وسعت دی گئی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز کسی کسان کو ٹریکٹر اور کسی طالب علم کو لیپ ٹاپ یا اسکالرشپ دینے سے پہلے اس کی سیاسی وابستگی نہیں پوچھتیں بلکہ تمام فیصلے بلا تفریق کیے جا رہے ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کی پہلی وزیراعلی ہیں جنہوں نے سرکاری جہاز کے استعمال کے اخراجات کی بھی ادائیگی کی ہے۔ ان کی حکومت نے گجرات کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 12ارب روپے خرچ کیے ہیں۔

گجرات میں جو ترقیاتی کام کئی دہائیاں پہلے ہو جانے چاہئیں تھے، وہ بھی مریم نواز کی حکومت نے کر کے دکھائے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ صوبے کے ہر شہر، ہر علاقے اور ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع اور وسائل میں جائز حصہ ملنا چاہیے۔ حکومت کسی علاقے کو سیاسی وابستگی یا پسند ناپسند کی بنیاد پر نظرانداز نہیں کر رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں