شرجیل انعام میمن 15

ریبیز سے بچاؤ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، شرجیل انعام میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے عالمی یوم ریبیز کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریبیز سے بچاؤ کے لیے حکومت سندھ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، عوام کتے کے کاٹنے یا زخم کو کسی بھی صورت معمولی نہ سمجھیں اور فوری طور پر ویکسین کرائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے صوبے بھر میں ریبیز کے کنٹرول کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت میں اینٹی ریبیز ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ریبیز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جدید طریقوں پر عمل پیرا ہے، کتے یا کسی بھی متاثرہ جانور کے کاٹنے کی صورت میں عوام غفلت سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ، طبی ماہرین اور عوام کے تعاون سے صوبے کو ریبیز سے پاک بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں