لاہور(زاہد انجم سے)رمضان بی بی نے پرنسپل نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کے عہدے کا چارج سنبھال کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کر دی ہیں، آج اُن کے پہلے روز نرسنگ کالج کی فیکلٹی ممبران نے اُن کا پرتپاک استقبال اور انہیں ادارے میں خوش آمدید کہتے ہوئے اُن کے لئے نیک تمناوؤں کا اظہار کیا۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر الفرید ظفر نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اساتذہ کو ہدایت کی کہ نرسنگ طالبات کی تعلیم و تربیت کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں اور نرسنگ سٹوڈنٹس کو میڈیکل فیلڈ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جدت اور سائنسی ایجادات سے مزئین موجودہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے اور دیگر شعبوں کی طرح میڈیکل سے وابستہ بالخصوص نرسنگ سیکٹر کا تقاضا ہے کہ انہیں مریض کی دیکھ بھال، وارڈز کو اپ ڈیٹ رکھنے اور دیگر امور کے بارے میں ہر طرح کی تعلیم فراہم کی جائے تاکہ انہیں نرسنگ کے عملی شعبے میں اس ایجوکیشن کو بروئے کار لانے کا موقع مل سکے۔
اس موقع پر رمضان بی بی نے نرسنگ انسٹرکٹر و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طب سے وابستہ افراد کو بغیر کسی طمع اور لالچ کے اپنے فرائض منصبی انجام دینا چاہئیں کیونکہ تنخواہ و دیگر مراعات کے علاوہ اس خدمت کا اصل صلہ اللہ تعالیٰ کے ہاں ملتا ہے کیونکہ ہم دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی توانائیاں وقف کرتے ہیں۔ رمضا ن بی بی کا مزیدکہنا تھا کہ نرسنگ کی درس و تدریس میں بلا شبہ انسٹرکٹر زنمایاں کردار ادا کرتی ہیں لہذا ان کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ میڈیکل کاشعبہ اختیار کرنے والی نئی طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ادارے کے نظم و ضبط اور مریضوں کی نگہداشت کے بارے میں مناسب رہنمائی بھی فراہم کریں اور کلاس کے دوران اپنی تمام ترتوجہ تعلیم اور اس سے منسلک امور پر مرکوز کریں۔
اس موقع پر شہناز ڈار، کوثر پروین، عذراپروین،ثوبیہ لطیف، عابدہ و دیگر نرسنگ انسٹرکٹرز نے رمضان بی بی کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اُن کی تعیناتی پر مسرت کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ انشا اللہ آنے والے دنوں میں یہ نرسنگ کالج مزید بہتری سامنے لائے گا جس سے نرسنگ کے شعبے کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔









