فیصل کریم کنڈی 20

خیبرپختونخوا میں بجلی مسائل، وفاقی وزیر توانائی سے گورنر کے پی کی ملاقات

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کے درمیان ملاقات میں صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، ٹرپنگ اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ سے پیدا ہونے والی مشکلات کے حل کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا، ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید گرمی کے دوران طویل لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرپنگ اور اس کے باعث عوام کو درپیش مشکلات بھی زیر بحث آئیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں واپڈا کے سپرنٹنڈنگ انجینئر آفس کی منظوری کے باوجود صارفین کے لیے بنیادی سہولیات اور ضروری آلات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ایس ای آفس میں بنیادی سہولیات اور ضروری آلات کی فراہمی جلد یقینی بنائی جائے تاکہ صارفین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان گرڈ سٹیشن ٹو اور بند کورائی گرڈ سٹیشن سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

ملاقات میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی، سیکرٹری واپڈا ڈاکٹر فخر عالم، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر فضل خالق اور پی ایس او ٹو گورنر تنویر حسین ملک بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں