لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مکہ معاہدے سے بہت خوش ہیں۔ پاکستانی عوام الحرمین و شریفین کی حفاظت کو سعادت سمجھتی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام سعودی عرب کو محبت، عقیدت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سعودی عرب میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اعتماد، خلوص اور اخوت کی بنیاد پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات دین اسلام، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا مکہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت اور دانشمندی کی بدولت آج سعودی عرب دنیا میں بلند مقام رکھتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کے بھائی چارے کو ہمیشہ قائم رکھے۔









