لاہور(رپورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں اضافے کے باعث معاشرے کا ایک بڑا طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے،بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت عوام کو مہنگائی کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے خصوصی اور موثر حکمت عملی مرتب کرے،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مہنگائی کے باعث کاروباری طبقہ بھی شدید پریشانی کا شکار ہے اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔شہزاد اشرف بھٹی نے حکومت پر زور دیا کہ عوام اور تاجر برادری کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا اور عوام کی قوت خرید بحال کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔









