جنرل ہسپتال 349

جنرل ہسپتال کے اے ایم ایس ڈاکٹر معین نواز کی گریڈ19میں ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ طب کا شعبہ خدمت خلق کا بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں ڈاکٹرز و نرسز دکھی انسانیت کی خدمت کر کے اپنی دنیا اور آخرت دونوں کو سنوار سکتے ہیں جبکہ سفید اوور کوٹ زیب تن کرنے والے کبھی ریٹائر نہیں ہوتے،سرکاری ملازمت کا عرصہ مکمل کرنے کے بعد بھی ڈاکٹر اور مریض کا رشتہ برقرار رہتا ہے اور ضرورت مندوں کے لئے خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

جنرل ہسپتال
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل ایم ایس لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر معین نواز کی گریڈ 19میں ریٹائرمنٹ کے موقع پر اُن کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم /اے ایم ایس، ڈی ایم ایس صاحبان،ڈاکٹر عبدالعزیز،، ڈاکٹر سونیہ ایوب، نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکس بھی موجود تھے۔

پروفیسر الفرید ظفرنے ڈاکٹر معین نواز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انتہائی تجربہ کار اور اپنے شعبے میں ماہر شخص تھے جنہوں نے 34برس تک محکمہ صحت میں خدمات سر انجام دیں اور اپنے سینئر ز کی طرف سے دیے گئے ہر ٹاسک کو ایمانداری اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ مکمل کیا اورجنرل ہسپتال کے ماحول کو مریض دوست بنانے کے لئے اپنی تمام توانائیاں برؤئے کار لائیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ انتظامی ڈاکٹرز کو اپنی پیشہ وارنہ صلاحیتوں میں اضافے اور انتظامی امور سے متعلق آگاہی کیلئے مختلف ٹریننگ کورسز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ وہ مالی معاملات، آڈٹ،انتظامی اور پی سی ون کی تیاری کے امور میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کر سکیں۔ ڈاکٹر خالد بن اسلم نے کہا کہ ریٹائرمنٹ ملازمت کا حصہ ہے لیکن دیانتدار ملازمین ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔

ڈاکٹر معین نواز کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اُن کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا کیونکہ جنرل ہسپتال اُن کا دوسرا گھر ہے جہاں وہ کبھی بھی کسی بھی وقت آ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر معین نواز نے الوداعی تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سینئرز اور ساتھیوں سے ملنے والی پذیرائی اُن کی زندگی کا اثاثہ ہے جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے اور ان کا یہ تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں آنے والے نوجوان ڈاکٹرز و دیگر کو اپنے فرائض منصبی پوری ذمہ داری اور وقت کی پابندی سے ادا کریں تو نہ صرف یہ مریضوں کیلئے مفید ہو گا بلکہ خود اُن کے لئے بھی صدقہ جاریہ ہوگا۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ریٹائرہونے والے ڈاکٹر معین نواز کے محفوظ مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور انہیں ادارے کی طرف سے تحائف دے کر رخصت کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں