مریم نواز شریف 21

جنرل ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کیلئے سیٹلائٹ فارمیسی ماڈل کا آغاز

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ”صحت سب کیلئے ” کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مریضوں کو بروقت مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی غرض سے ”سیٹلائٹ فارمیسی ماڈل” متعارف کروا دیا گیا، جس کا باقاعدہ افتتاح پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم اور ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے آؤٹ ڈور کے فرسٹ فلور پر کیا اور اس موقع پر ڈاکٹر ثمینہ توفیق، ڈاکٹر عمارہ اختر، ڈاکٹر عرشیہ اکبر، ڈاکٹر کوثر شاہین، چیف فارماسسٹ رابعہ حمید اللہ اور دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے کہا کہ یہ جدید ماڈل ایل جی ایچ میں علاج کے معیار اور آپریشنل کارکردگی کو ایک نئی سطح پر لے جائے گا جبکہ سیٹلائٹ فارمیسی کو آؤٹ ڈور کے فرسٹ فلور پر فعال کر دیا گیا تاکہ مریضوں کو ادویات کے حصول میں انتظار کی زحمت نہ اٹھانا پڑے اور گراؤنڈ فلور پر رش بھی کم ہو سکے.

ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت عظمت محمود خان کی رہنمائی میں مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اب آؤٹ ڈور میں بیک وقت دو فارمیسیز سے مریض مفت ادویات حاصل کر سکیں گے، جن میں فرسٹ فلور کی سیٹلائٹ فارمیسی صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک فعال رہے گی جبکہ گراؤنڈ فلور پر موجود مرکزی فارمیسی شام آٹھ بجے تک کھلی رہے گی مزید برآں دونوں فارمیسیز میں خواتین، مردوں، سینیئر سٹیزنز اور خصوصی افراد کے لیے الگ الگ کاؤنٹرز قائم کیے گئے انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر کوثر شاہین کو ڈی ایم ایس سیٹلائٹ فارمیسی مقرر کیا گیا ہے جو ادویات کا تمام ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کی ذمہ دار ہوں گی۔

میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے کہا کہ پنجاب حکومت مفت ادویات کی فراہمی کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے انہوں نے ڈی ایم ایس فارمیسی اور چیف فارماسسٹ کو ہدایت کی کہ فراہم کردہ ادویات ہسپتال انتظامیہ کے پاس مریضوں کی امانت ہیں جن کا مکمل ریکارڈ رکھنا اولین ذمہ داری ہے جبکہ ہسپتال میں دستیاب ادویات کی فہرست ہر ہفتے تمام شعبوں کے سربراہان کو فراہم کی جائے تاکہ ڈاکٹرز کو ادویات تجویز کرنے میں آسانی ہو اور پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں