جنرل ہسپتال 287

جنرل ہسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ، میڈیکل وارڈ میں بستروں کی تعداد بڑھا دی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)جنرل ہسپتال میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی بدولت مریضوں کی تعداد میں اضافہ، میڈیکل یونٹ 2میں بستروں کی تعداد40سے بڑھا کر 65کر دی گئی،اس اقدام سے نہ صرف مریضوں کو آسانی ہوگی بلکہ ڈاکٹرز و دیگر سٹاف بھی یکسوئی کے ساتھ علاج کر سکیں گے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا قبل ازیں لاہور جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں بھی بستروں کی تعداد دوگنا کی جا چکی ہے اب 110کی بجائے 220بستروں پر راؤنڈ دی کلاک طبی سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ایم ایس ڈاکٹرریاض حفیظ کو ہدایت کی کہ وہ تمام شعبوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا کریں اور مریضوں کے مسائل بستر پر ہی حل کرنے کو یقینی بنائیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہاکہ حکومت پنجاب نے مریضوں کو کوالٹی ہیلتھ کئیر کی فراہمی کیلئے وافر فنڈز مختص کئے ہیں جس کی ایک ایک پائی مریضوں کی فلاح و بہبود پرخرچ ہو گی۔ انہوں نے انتظامی ڈاکٹرز سے کہاکہ وہ دفتر میں بیٹھنے کی بجائے اپنے اپنے ماتحت شعبوں میں ایک مریض، ایک تیمار کی پالیسی پر عمل درامد کرائیں۔

پرنسپل نے سینی ٹیشن سٹاف کو سختی سے ہدایت کی وہ صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنائیں تاکہ ہسپتال آنے والے افراد کو خوشگوار ماحول میسر آسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹاف کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں