مریم نواز شریف 25

جنرل ہسپتال ، چار ماہ میں 7 لاکھ 54 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن صحت سب کیلئے کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو بلا امتیاز معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے رواں سال کے پہلے چار ماہ (جنوری تا اپریل) کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 54 ہزار 350 مریضوں کا علاج کیا گیا، جبکہ شعبہ حادثات میں 3 لاکھ 65 ہزار 91 مریضوں کو مفت ادویات، تشخیصی ٹیسٹ، سی ٹی سکین اور آپریشن کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس عرصے کے دوران 35 ہزار 396 مختلف نوعیت کی سرجریاں کامیابی سے انجام دی گئیں۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود خان کی رہنمائی میں ہسپتال انتظامیہ مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

مانیٹرنگ و فیڈبیک کا موثر نظام متعارف کرایا گیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ جنرل ہسپتال مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر کے عوام کو معیاری صحت کی خدمات فراہم کرتے ہوئے اپنے سفر کو مسلسل آگے بڑھاتا رہے گا۔ ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ ڈسپلن، صفائی ستھرائی، ہیلتھ پروفیشنلز کی حاضری اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی ڈاکٹرز کی الگ الگ ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ۔ ہسپتال کے اعدادوشمار کے مطابق اس مدت کے دوران تقریباً 8 لاکھ لیب ٹیسٹ، 1 لاکھ 6 ہزار 410 ایکسرے، 43 ہزار 728 الٹراساؤنڈ، 24 ہزار 90 سی ٹی سکین، 6 ہزار 639 ایم آر آئی، 83 میموگرافی، 2 ہزار 334 گیسٹرو سکوپی، 30 ہزار سے زائد ای سی جی اور 6 ہزار 174 ڈائیلسز کئے گئے۔ اسی طرح دوسرے اضلاع سے 1 ہزار 423 مریض علاج کے لیے ریفر ہو کر ایل جی ایچ آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں