جام کمال خان 96

جام کمال خان سے برطانوی وزیراعظم کے ایلچی کی ملاقات، پاک برطانیہ معاشی تعاون کے فروغ پر اتفاق

لندن(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے تجارت کے لئے برطانوی وزیراعظم کے ایلچی محمد یاسین نے ہاوس آف کامنز میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنمائوں نے یوکے پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ڈائیلاگ کے آغاز کو سنگ میل قرار دیا.

اس موقعے پر ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور سیکرٹری تجارت جواد پال بھی موجود تھے۔ وزارت تجارت سے منگل کو جاری بیان کے مطابق جام کمال خان نے محمد یاسین کو حالیہ تقرری پر مبارکباد دی اور جون 2025 میں محمد یاسین کے کامیاب دورہ پاکستان کو سراہا۔دونوں رہنماوں نے پاک برطانیہ معاشی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں یوکے پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ڈائیلاگ کے آغاز کو سنگ میل قرار دیا گیا۔

وزیر تجارت نے کہا کہ ڈائیلاگ مارکیٹ رسائی کے مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیولپنگ کنٹریز ٹریڈنگ سکیم ( ڈی سی ٹی ایس)کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔ملاقات میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ وزیر تجارت نے یوکے پاکستان بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں موجود تاجر برادری اور چیمبرز سے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔ جام کمال نے کہا کہ توانائی، آئی سی ٹی، زراعت اور اعلیٰ تعلیم میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ فریقین نے سیاسی و اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے پر بھی اتفاق اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرپا و مساوی تجارتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں