سندھ ہائی کورٹ 9

تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کمپنی کی 11 ہزار پالیسیاں پورٹل سے ہٹانے پر توہین عدالت کی درخواست

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ میں محکمہ ایکسائز کی جانب سے تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس پالیسی کے پورٹل پر نجی انشورنس کمپنی کا نام بحال نہ کرنے کے معاملے پر سیکریٹری ایکسائز اور دیگر حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار کمپنی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے اکتوبر میں کمپنی کا نام محکمہ ایکسائز کے پورٹل پر بحال کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود کمپنی کی جانب سے جاری کردہ انشورنس پالیسیوں کو سرکاری نظام میں تسلیم نہیں کیا جا رہا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمپنی کی تقریباً 11 ہزار انشورنس پالیسیاں محکمہ ایکسائز کے پورٹل سے ہٹا دی گئی ہیں، جبکہ محکمہ ایکسائز کی جانب سے کمپنیوں کی درست انشورنس پالیسیاں بھی قبول نہیں کی جا رہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔عدالت نے درخواست پر سیکریٹری ایکسائز سمیت دیگر متعلقہ حکام کو 17 نومبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں