خواجہ سعد رفیق 5

تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں ، سوچوں کیساتھ مقتدرہ کے تعلقات نارملائز ہونے میں ہی ریاست کا مفاد ہے ،سعد رفیق

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مقتدرہ ، حکومت اور جے یو آئی (ف) کے بیچ تنازعے کا مزید سنگین ہونا وطن ِ عزیز کیلئے سخت نقصان کا باعث ہو گا ، ابھی بات بہت دور نہیں گئی اسے سمیٹ لینا زیادہ بہتر ہے،ہمارے بیرونی دشمنوں کی پشت پناہی سے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے پاکستانی ریاست کے خلاف سٹریٹجک الائنس بنا چکے ہیں۔

اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت سے نجات کیلئے افواج ، سکیورٹی اداروں اور عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور ابھی یہ جنگ پورے زور و شور سے جاری ہے ، آئے روز سکیورٹی اداروں کے جوان ، افسران اور عوام شہادتوںکے نذرانے پیش کر رھے ہیں۔مولانا فضل الرحمن ، ان کا خاندان ، جماعت اور اکابر علما ء ٹی ٹی پی کے نشانے پر ہیں ، جے یو آئی (ف)کے متعدد اکابر علما ء خود کش حملوں میں شہادت کا رتبہ حاصل کر چکے ہیں خود مولانا فضل الرحمن پر کئی خود کش حملے ہو چکے ہیں،دیو بندی مکتب فکر کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے جمعیت العلمائے اسلام (ف)کو ٹی ٹی پی پاکستان میں اپنے راستے کی سب سے بڑی نظریاتی و سیاسی رکاوٹ سمجھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی اور سرمائے سے ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد میں مصروف گروپس ٹی ٹی پی ہوں یا بی ایل اے یا کوئی اور پاکستان کے آئین اور پرچم کو ماننے والی تمام نمائندہ قوتیں داخلی سیاسی اختلافات کے باوجود ریاست کے ساتھ کھڑی رہنی چاہئیں اور مقتدرہ سے ان کا جھگڑا ختم ہونا چاہیے ۔ یہی پاکستان کی سلامتی کا راستہ ہے ،سیاسی حقیقتیں دبا ئومیں لائی جا سکتی ہیںلیکن سختی سے ختم نہیں ہوتیں ، اسی طرح سیاسی قوتوں اور مقتدرہ کی لڑائی میں ہمیشہ نقصان پاکستان ہی کا ہوا ہے ، تاریخ کا سبق یہی ہے پاکستان کے بیرونی و اندرونی دشمنوں کو ناکام کرنے ، دہشتگردی کے خاتمے ، بدترین معاشی بدحالی سے نکلنے ، فرسودہ و ناکارہ طرز حکمرانی سے نجات اور سیاسی بحرانوں کے خاتمے کیلئے تمام ریاستی اور سیاسی قوتوں کو اختلافات کے باوجود اکٹھے ہونا ہوگا، ایک دوسرے کی کڑوی کسیلی بات سن کر تحفظات دور کرنا اور قوم کو مشترکہ لائحہ عمل دینا ہو گا ۔

انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) سمیت تمام قومی ، علاقائی ، سیاسی و مذہبی جماعتوں ، سوچوں کے ساتھ مقتدرہ کے تعلقات نارملائز ہونے میں ہی ریاست کا مفاد کارفرما ہے ،مقتدرہ کی اتحادی حکومتی جماعتوں کو خاموش رہنے یاہچکچاہٹ کی بجائے اس ضمن میں پل کا کردار ادا کرنا چاہے ، یقین ہونا چاہیے کہ کار ِخیر اور نیک نیتی کبھی رائیگاںنہیں جاتے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کا بھلا کرنا مقصود ہے تو سیاسی پارہ نیچے لایا جائے ، ایک دوسرے کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں ، بات چیت کے ذریعے راستے نکالے جائیں قوم کے مستقبل کا فیصلہ بااختیار پارلیمنٹ کرے جسے عوام کے ساتھ ریاستی اداروں کی حمایت حاصل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں