جنرل ہسپتال 86

تعطیلات میں بھی جنرل ہسپتال انتظامیہ متحرک، مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی , پروفیسر فاروق افضل

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں دیگر سرکاری محکموں کی طرح لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ بھی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران بھرپور انداز میں متحرک دکھائی دی۔ پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی رہنمائی میں ایل جی ایچ کی مانیٹرنگ ٹیم، مریضوں سے علاج بارے فیڈ بیک پر مامور ڈاکٹرز اور ڈی ایم ایس نرسنگ نے ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈسپلن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے ایمرجنسی، بچہ وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا، زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ پروفیشنلز کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں صفائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیاں مریضوں پر نچھاور کرنے والے ملازمین حقیقتاً مبارکباد اور خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور تکلیف میں مبتلا افراد کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا ہی شعبۂ طب سے وابستہ افراد کا اصل فریضہ اور عبادت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جنرل ہسپتال کی انتظامیہ مریضوں کو معیاری، بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں