راہول گاندھی 44

بی جے پی اور آر ایس ایس بھارت میں آئینی اقدار کو پامال کررہی ہیں، راہول گاندھی

نئی دہلی(رپورٹنگ آن لائن)بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس آئین کے بنیادی اقدار کے خلاف کام کر رہی ہیں اور ان کی پالیسیاں تمام شہریوں کے لیے مساوات اور انصاف کے اصولوں پر مبنی نہیں ہیں۔ راہول گاندھی نئی دہلی کے منڈی ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر امبیڈکر کی قیادت میں تشکیل پانے والا آئین بھارت کی شناخت کی بنیاد ہے اوراس کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش سے ملک کا بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں حکمران اسٹیبلشمنٹ عوامی سطح پر ظاہر کرتی ہے کہ وہ آئینی اقدار کا احترام کرتی ہے لیکن اس کے اقدامات ایک مختلف رویے کی عکاسی کرتے ہیں جن سے مساوی حقوق کو برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی آئینی اصولوں کے تحفظ اور مضبوطی کے لیے پرعزم ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ بیان بھارت میں آئینی اقدار کی تشریح اور نفاذ خاص طور پر مساوات، اقلیتوں کے حقوق اور جمہوری آزادیوں پر بڑھتی ہوئی سیاسی بحث کے دوران سامنے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں