ڈاکٹر عشرت العباد خان 22

بھارت کی اشتعال انگیزی خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)میری پہچان پاکستان (ایم پی پی)کے سربراہ اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف اورانتہا پسند قیادت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، کیونکہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے دشمن کو جو تاریخی سبق دیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری یا امن کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کی گیدڑ بھبھکیاں دراصل اس کی بوکھلاہٹ اور شکست خوردہ ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں۔ پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین اور پیشہ ور افواج میں شمار ہوتی ہیں جبکہ 25 کروڑ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ میری پہچان پاکستان کے کارکنان ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے ملک و قوم کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کی حمایت کی ہے، تاہم قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی عسکری قیادت پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو جنگی جنون، اشتعال انگیزی اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کی پالیسی ترک کرنا ہوگی۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایم پی پی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور ملک دشمن پروپیگنڈے کا مثر جواب دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اور دشمن کی ہر سازش ناکام ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں