سعید غنی 12

بچوں کی تعلیم و تربیت ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے، سعید غنی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صرف بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔

دنیا میں جن معاشروں نے ترقی کی ہے، انہوں نے یہ مقام اچانک حاصل نہیں کیا بلکہ اپنی نئی نسل پر توجہ دی، بچوں کو بہتر ماحول، معیاری تعلیم اور اچھی تربیت فراہم کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ اطفال 2026 کے موقع پر سندھ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ اور سندھ سوشل پروٹیکشن کے تحت منعقدہ آگاہی واک کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واک کا آغاز کلفٹن میکڈونلڈ سے ہوا، جس کا اختتام نشانِ پاکستان پر ہوا۔تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر میر طارق علی تالپور، رکن سندھ اسمبلی محمد آصف خان، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی عثمان غنی ہنگورو، معروف فنکار اصغر کھوسو، متعلقہ محکموں کے افسران اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سعید غنی نے کہا کہ عالمی یومِ اطفال منانے کا مقصد بچوں کے حقوق، تحفظ اور روشن مستقبل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے ساتھ اس بات کا جائزہ لینا بھی ہے کہ حکومتوں اور معاشرے نے بچوں کی بہتری کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے اور مزید کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر بچوں کے لیے محفوظ، خوشحال اور روشن مستقبل یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا صرف حکومتوں کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ نئی نسل کو وہ ماحول میسر آئے جو ہمیں ملا تھا، اس سے بہتر ہو۔ اگر ہم بچوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں اور ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں تو ہمارا معاشرہ اور ملک بھی بہتر ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس تقریب میں موجود بزرگوں اور دیگر افراد کی زندگی کا ایک بڑا حصہ گزر چکا ہے، جبکہ بچوں کے سامنے ملک کی اگلی اننگز ہے۔

اگر انہیں اچھا ماحول، بہتر تعلیم اور تربیت فراہم کی جائے تو وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے اساتذہ، تعلیمی اداروں اور بچوں کی دیکھ بھال سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہر شخص اپنے پاس موجود بچے کو اپنے بچے کی طرح سمجھے اور اسی محبت و توجہ سے اس کی دیکھ بھال کرے تو معاشرے میں کسی بچے کی تعلیم و تربیت میں کمی نہیں رہے گی۔سعید غنی نے امید ظاہر کی کہ حکومت سندھ کی جانب سے بچوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین اور قائم کیے گئے اداروں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بچوں کو معیاری تعلیم اور اچھی تربیت نہ دی گئی تو ملک پر کتنے ہی وسائل خرچ کرلیے جائیں، ترقی ممکن نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں