میجر وجاہت وحید شہید 10

بلوچستان، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید

راولپنڈی/قلات/ گوادر(رپورٹنگ آن لائن)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا جس میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ شروع کیاجس کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے، 34 سالہ میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا، انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران مادر وطن کے دفاع میں جان قربان کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے، سیکیورٹی فورسز نے جتک آباد میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو سکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، علاقے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں