محمد جاوید قصوری 14

بد عنوانی معاشی ترقی اور عوامی فلاحی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ہے ، جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کرپشن کے خطرات سے متعلق جاری کردہ قومی جائزہ رپورٹ نے ملک کے انتظامی اور معاشی نظام کی سنگین صورتحال کو بے نقاب کر دیا ہے، رپورٹ کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں بدعنوانی کے خطرات کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ ایف بی آر دوسرے، سی ڈی اے تیسرے، ، این ایچ اے پانچویں اور پاکستان ریلوے چھٹے نمبر پر ہے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ساتویں، پاکستان پوسٹ آٹھویں، ایس این جی پی ایل نویں اور ای ٹی پی بی دسویں نمبر پر ہے۔

یہ صورتحال حکومتی اداروں میں شفافیت اور احتساب کے نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خطرات اور انتظامی کمزوریوں پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اصلاحات کی ضرورت ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ ملک کے اہم ترین قومی اداروں کے حوالے سے بھی بدعنوانی کے خدشات سامنے آ رہے ہیں، لیکن عوام کو ریلیف دینے اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں لائن لاسز، بجلی چوری، ناقص انتظامی ڈھانچے اور مالی بے ضابطگیوں کا خمیازہ ہمیشہ عام صارف کو بھگتنا پڑتا ہے۔ مہنگی بجلی، اضافی سرچارجز اور بھاری بلوں نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے۔ دوسری جانب ایف بی آر جیسے اہم قومی ادارے کے حوالے سے بدعنوانی کے خطرات کی نشاندہی انتہائی تشویش ناک ہے۔

ٹیکس نظام میں شفافیت نہ ہونے سے قومی آمدن متاثر ہوتی ہے، کاروباری طبقے کا اعتماد کمزور ہوتا ہے اور عام شہری پر ٹیکسوں کا اضافی بوجھ پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن محض مالی بے ضابطگی کا نام نہیں بلکہ یہ ملک کی معاشی ترقی، تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی فلاح کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹوں میں سے ایک ہے۔ قومی خزانے کا نقصان درحقیقت عوام کے حقوق پر ڈاکا ہے۔ اگر سرکاری وسائل شفاف طریقے سے استعمال ہوں تو یہی وسائل عوام کو معیاری تعلیم، بہتر علاج، سستی بجلی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت کرپشن کے خاتمے کے لیے جامع اور قابلِ عمل حکمت عملی اختیار کرے، تمام سرکاری اداروں کا آزادانہ آڈٹ کروایا جائے، بدعنوان عناصر کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے اور سرکاری محکموں میں بھرتیوں، ٹھیکوں اور خریداری کے نظام کو شفاف بنایا جائے۔

حکمران اشرافیہ کے شاہانہ اخراجات، غیر ضروری پروٹوکولز، سرکاری گاڑیوں اور دیگر مراعات کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور معاشی مشکلات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ دوسری جانب اشرافیہ کی مراعات اور غیر ضروری اخراجات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں