اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے دوران اسلام آباد میں احتجاج یا لاک ڈائون کی اجازت نہیں ہوگی۔وزارت داخلہ نے ایس سی او اجلاس کے دوران ضلعی انتظامیہ کو فول پروف سیکیورٹی سے متعلق احکامات دے دئیے۔
وزارت داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی پولیس کو وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کے حوالے سے مراسلہ لکھا ہے۔مراسلے میں کہا گیا کہ اسلام آباد کی حدود میں کسی غیرقانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے، ایس سی او اجلاس کے موقع پر کوئی احتجاج یا لاک ڈائون نہیں ہوسکتا۔
وزارت داخلہ نے مراسلے میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج یا لاک ڈائون کو روکنے کے احکامات جاری کیے۔وزارت داخلہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایس سی او اجلاس کے دوران فول پروف سیکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔
٭٭٭٭٭









