ڈونلڈ ٹرمپ 15

ایران نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی تو مکمل تباہ کر دیا جائے گا، ٹرمپ

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ امریکا کے ایک ہزار میزائلوں نے ایران کو ہدف بنا رکھا ہے۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا ہے کہ ایران کی اسلامی جمہوریہ کی جانب ایک ہزار میزائل ہدف بنا کر تیار رکھے گئے ہیں، جو مجھے قتل کرنے یا قتل کی کوشش کرنے پر داغ دیئے جائیں گے، اس کے بعد مزید ہزاروں میزائل داغے جائیں گے۔

امریکی صدر نے واضح لکھا کہ اگر ایرانی حکومت نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی تو امریکا فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرے گا، امریکی فوج کو ایک سال تک ایران کے تمام علاقوں کو تباہ کرنے کے احکامات دیے جا چکے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہر فوجی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار، بااختیار اور قادر ہے، ایران کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اخبار نیویارک پوسٹ کو دیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنے قتل کے لیے ایران کی سازشوں کی کسی بھی ممکنہ کامیابی سے نمٹنے کے لیے مخصوص ہدایات چھوڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے نتائج انتہائی بھیانک ہوں گے، میں کافی عرصے سے ان کی ہٹ لسٹ پر ہوں، یہ وہ صورتحال ہے جس سے ہم نمٹ رہے ہیں، واحد بات یہ ہے کہ میں نے یہ ہدایات چھوڑی ہیں کہ اگر کچھ بھی ہوا تو ان پر اس سطح کی بمباری کی جائے جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔

اسرائیل نے اس ہفتے امریکی صدر کے قتل کی سازش کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا تھا، اس بارے میں سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کا کوئی نیا منصوبہ نہیں ہے، انہوں نے توجہ دلائی کہ تہران برسوں سے انہیں قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ادھر امریکی نیوز گروپ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے متوقع ہیں جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے جنگ بندی معاہدے پر تمام وعدے پورے کیے مگر امریکا خلاف ورزی کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں