نیویارک (رپورٹنگ آن لائن) ایران نے اقوام متحدہ سے امریکا کے احتساب کا مطالبہ کر دیا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکا پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا امریکا اپنے غیر قانونی اقدامات کے تمام قانونی اور سیاسی نتائج کا مکمل بین الاقوامی ذمہ دار ہے۔
امیر سعید ایروانی نے کہا کہ اقوام متحدہ کو امریکا کی غیر قانونی جارحیت روکنے کے لئے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں، اقوام متحدہ کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ امریکا اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کی مکمل پاسداری کرے۔









