ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کے معروف اداکار انیل کپور نے اپنے کامیاب کیریئر کا سہرا اپنی بیٹیوں ریا اور سونم کپور کے سر سجا دیا۔69 سالہ اداکار نے حال ہی میں اپنے کیریئر اور خاندانی ذمے داریوں کے درمیان توازن قائم رکھنے سے متعلق گفتگو کی۔
انیل کپور نے دی انیل کپور شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں والد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ میں اپنے خاندان کے لیے کمانے کی خاطر کام کرتا ہوں، لیکن کوئی یہ نہیں سمجھتا کہ میرا خاندان میرے لیے کتنا اہم ہے۔انیل کپور نے ماضی کا قصہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب میری بیٹی ریا کی پیدائش ہوئی تو میں اسپتال دیر سے پہنچا، میں نے سوچا کہ میں بہت دیر سے پہنچا اور اسے دیکھنے کا موقع گنوا دیا، میں ساری رات اس بات پر افسوس کرتا رہا۔
اداکار نے بتایا کہ جب میری بیٹی ریا پیدا ہوئی تو مجھے احساس ہوا کہ بیٹی کا ہونا ایک اضافی خوشی ہے اور چونکہ میری 2 بیٹیاں سونم اور ریا ہیں، اس لیے میرے لیے یہ دہری خوشی ہے۔واضح رہے کہ انیل کپور کو 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم وہ سات دن سے اداکاری کے میدان میں اہم کامیابی ملی تھی۔چار دہائیوں پر محیط اپنے شاندار اداکاری کے کیریئر میں بھرپور توانائیاں صرف کرنے والے انیل کپور ان دنوں کوئز شو کی میزبانی میں مصروف ہیں۔









