میڈیکل سائنس 63

امیر الدین میڈیکل کالج /جنرل ہسپتال میں کلینیکل ٹرائلز و ریسرچ پر ورکشاپ کا انعقاد

لاہور(زاہد انجم سے) میڈیکل سائنس کی ترقی اور طبی میدان میں کامیابی کا تمام تر انحصار کلینیکل ٹرائلز اور ریسرچ کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار طبی ماہرین نے امیر الدین میڈیکل کالج، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور لاہور جنرل ہسپتال کے زیرِ اہتمام منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ورکشاپ کا بنیادی مقصد فیکلٹی ممبران اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کی تحقیقی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق نکھارنا تھااس موقع پر وائس پرنسپل پروفیسر ندرت سہیل، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، ورکشاپ کی آرگنائزر پروفیسر طیبہ گل ملک سمیت فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی، پی ایچ ڈی مالیکیولر بائیولوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف نعیم نے جینومکس، جین تھراپی اور طبی تحقیق کے اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر کلینیکل ریسرچ و ٹرائلز کے بنیادی اصولوں، جدید تحقیقی طریقہ کار اور عالمی معیارات کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ گل ملک نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی رہنما کی اصل کامیابی صرف اس کے اپنے دور کے کاموں تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ اس میں ہے کہ اس کے مثبت اور پائیدار اقدامات مستقبل میں بھی مسلسل ترقی پاتے رہیں انہوں نے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل کے علمی و تحقیقی اقدامات کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل نے مہمانِ خصوصی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارے میں شواہد پر مبنی طبی تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں کو ہمہ وقت فروغ دیا جائے گا تاکہ طلبہ اور فیکلٹی کو معیاری تحقیق کے بہترین مواقع میسر آسکیں۔ ایم ایس پرفیسر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ تحقیق، جدت اور علمی ارتقاء کا یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا تاکہ موجودہ کاوشیں آنے والی نسلوں کیلئے ایک مضبوط اور مستحکم علمی بنیاد ثابت ہو سکیں۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں