اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے اشارہ دیا ہے کہ تل ابیب تہران کے خلاف اکیلا بھی کارروائی کر سکتا ہے۔
اسرائیلی چینل 7 کو انٹرویو میں اتمار بن گویر نے کہا ہے کہ اگر امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ترک کر دے گا تو یہ بڑی سادگی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اس معاملے میں بہت سادہ لوح ہے، وہ یہ توقع رکھتا ہے کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ختم کر دے گا اور اسرائیل کے خلاف مبینہ عزائم سے دستبردار ہو جائے گا۔
بن گویر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایرانی خطرے کا مقابلہ کرے اور اگر ضرورت پڑے تو اکیلے ہی کارروائی کرے۔
انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر نے یہ بھی کہا کہ حالات اسرائیل کو اس بات پر مجبور نہیں کر سکتے کہ وہ کسی دوست ملک کی ہدایات کے مطابق چلے، چاہے وہ دوست کتنا ہی اہم کیوں نہ ہو۔









