اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایک مضبوط آٹو موٹو انڈسٹری صرف گاڑیوں کی تیاری تک محدود نہیں ہوتی بلکہ روزگار کے مواقع، انجینئرنگ کی صلاحیتوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی پیداوار اور ملکی سپلائرز کے وسیع نیٹ ورک کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز کے زیر اہتمام پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو کی تقریبِ تقسیمِ انعامات و عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے آٹو موٹو اور انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ نمایاں شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہیں،ان کی کامیابیاں انفرادی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے آٹو موٹو اور انجینئرنگ سیکٹر کی استعداد، عزم، جدت اور پائیداری کی بھی عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو میں نمائش کے لیے پیش کیے گئے پرزہ جات، مشینری اور انجینئرنگ سلوشنز پاکستانی کاروباری افراد، انجینئرز، ٹیکنیشنز اور محنت کشوں کی برسوں کی سرمایہ کاری، تکنیکی مہارت اور محنت کا نتیجہ ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صنعتی ترقی کا ذکر اکثر نظریاتی طور پر کیا جاتا ہے تاہم یہاں یہ ترقی عملی شکل میں نظر آ رہی ہے۔
آٹو موٹو انڈسٹری درستگی، معیار، مستقل مزاجی اور طویل المدتی عزم کا تقاضا کرتی ہے، جو قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس شعبے سے وابستہ کمپنیوں نے مشکل حالات کے باوجود استقامت کا مظاہرہ کیا، مقامی پیداوار کے فروغ میں سرمایہ کاری کی اور اپنے عمل اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی صنعتی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صنعت کو خام مال تک رسائی، مالیاتی دباؤ، بدلتے ہوئے مارکیٹ حالات اور پالیسیوں میں تسلسل سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ان معاملات پر صنعت، حکومت اور پارلیمان کے درمیان تعمیری اور مسلسل رابطہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کی ترقی ملکی مینوفیکچرنگ معیشت کی مجموعی مضبوطی سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے پارلیمان کا اہم کردار ہے کہ وہ پیداواری شعبوں کے مسائل اور نقط نظر کو سمجھنے کے لیے مکالمے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے اور قانون سازی و نگرانی کے ذریعے پائیدار معاشی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع اسے وسطی ایشیا، خلیج اور افریقہ کے سنگم پر ایک اہم مقام فراہم کرتا ہے۔ بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے والی صنعت کو چاہیے کہ وہ ملکی منڈی تک محدود رہنے کے بجائے عالمی منڈیوں اور بین الاقوامی مواقع کی جانب اعتماد کے ساتھ پیش قدمی کرے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انسانی وسائل میں سرمایہ کاری بھی انتہائی اہم ہے۔ ہمارے انجینئرز، ٹیکنیشنز اور وہ گریجویٹس جو پاکستان میں رہ کر اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کا انتخاب کرتے ہیں، اس شعبے کا حقیقی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو پاکستانی کاروباری صلاحیت، جدت، سرمایہ کاری اور تکنیکی مہارت کا شاندار مظہر ہے اور یہ شو ملک کی صنعتی صلاحیت کے حوالے سے مزید بلند عزائم، شراکت داری اور اعتماد کو فروغ دینے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔اس موقع پر کستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررزکے چیئرمین عثمان اسلم ملک اور منتظم سید نبیل ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔









