شہباز شریف 9

صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کا قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کے علاقے قلات میں دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان ہائی وے پر شہریوں کی نقل و حرکت میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

اتوار کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے مثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرانے ، ٹرک، بسیں اور گاڑیاں برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے(این 25)پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا، جو لائق تحسین ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر عوام کی پرامن نقل و حرکت کو متاثر کرنے، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی مذموم کوشش کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنایا۔وزیراعظم نے دہشت گردوں کے قبضے سے چھ ٹرک ، تین بسیں اور دو گاڑیوں سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کرنے پر بھی سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں