ٹیکس 38

آر ٹی او ساہیوال کی بڑی کارروائی، بیوٹی کریم بنانے والی کمپنی سے سیلز ٹیکس کے بقایاجات کی مد میں 27 لاکھ روپے وصول

اوکاڑہ ( شیر محمد)ریجنل ٹیکس آفس ساہیوال نے ٹیکس قوانین کے مؤثر نفاذ اور سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے جاری انفورسمنٹ کارروائیوں کے سلسلے میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے بیوٹی کریم تیار کرنے والے ایک مینوفیکچرر سے سیلز ٹیکس کے بقایاجات کی مد میں 27 لاکھ روپے وصول کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ مینوفیکچرر کا کیس سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 25 کے تحت آڈٹ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ آڈٹ کی کارروائی اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کیس کو حتمی شکل دیتے ہوئے ایک کروڑ 65 لاکھ روپے کی سیلز ٹیکس ڈیمانڈ قائم کی گئی۔

واجب الادا ٹیکس کی وصولی کے لیے آر ٹی او ساہیوال کی انفورسمنٹ ٹیم نے مؤثر قانونی کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی مرحلے میں 27 لاکھ روپے کی ریکوری یقینی بنائی، جبکہ بقیہ ایک کروڑ 38 لاکھ روپے کی وصولی کے لیے انفورسمنٹ کارروائیاں جاری ہیں۔

آر ٹی او ساہیوال نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی، واجب الادا سرکاری محصولات کی عدم ادائیگی اور ٹیکس نادہندگی کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ قومی خزانے کے تحفظ اور محصولات کی وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان
ریجنل ٹیکس آفس ساہیوال

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں