پنجاب سیف سٹیز 12

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ساہیوال ریجن کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری

اوکاڑہ( شیر محمد ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ساہیوال ریجن کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق، سیف سٹی اتھارٹی، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کاوشوں سے اوکاڑہ سمیت ریجن کے سیف سٹی کوریج ایریاز میں جرائم برخلاف املاک میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سیف سٹی کی جدید نگرانی اور بروقت نشاندہی کی بدولت سی سی ڈی اور مقامی پولیس نے 12 جرائم پیشہ گینگز کے 32 ارکان کو گرفتار کیا، جبکہ ملزمان سے ایک کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا۔ سیف سٹی کی معاونت سے 174 مقدمات بھی ٹریس کیے گئے۔

ایس ایس پی نصراللہ وڑائچ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور عوامی خدمت کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں 128 گمشدہ افراد اور بچوں کو بحفاظت ان کے اہلِ خانہ سے ملایا گیا، جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ذریعے خواتین کی 2 ہزار 853 شکایات نمٹائی گئیں۔ اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین اور مسافروں کی ہنگامی مدد کے لیے 945 نئے کیو آر پینک بٹن نصب کیے گئے۔

ایس ایس پی ساہیوال ریجن نصراللہ وڑائچ اور ڈسٹرکٹ منیجر اوکاڑہ زین اسلم کی زیرِ نگرانی سیف سٹی نظام کی مؤثر فعالیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور متعلقہ پولیس اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات جاری ہیں۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور ہنگامی حالات میں فوری پولیس امداد یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں