واشنگٹن(رپورٹنگ آن )امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ہم نے ایرانی بندرگاہوں کا گھیراؤ کیا ہوا ہے، آبنائے ہرمز عالمی گزرگاہ ہے، ایران کو ٹیکس وصول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔واشنگٹن میں امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ اور جنرل ڈین کین نے مشترکہ نیوز بریفنگ میں ایران پر سمندری جارحیت کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خطے میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتا، تاہم جہاز رانی کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں واضح جارحیت کا مظاہرہ کیا اور اس کے 6بحری جہازوں نے ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی، تاہم امریکی نیوی نے انہیں واپس مڑنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ فریڈم ایک عارضی اور دفاعی مشن ہے، جس کا مقصد عالمی تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانا ہے۔
امریکی وزیرِ جنگ کے مطابق ایران طویل عرصے سے آبنائے ہرمز میں جہازوں کو ہراساں کر رہا ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں مزید سینکڑوں جہاز گزرنے کے انتظار میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کا کسی اور ملک کے خلاف کارروائی کا ارادہ نہیں، لیکن ایرانی حملوں کی صورت میں سخت ردعمل دیا جائے گا۔









