سہیل آفریدی 14

27 ستمبر ملک کی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا دن ہوگا، سہیل آفریدی

جیکب آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو صرف اسلام آباد نہیں بلکہ پورا پاکستان بند کریں گے، خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے جبکہ سندھ سمیت ملک بھر کے عوام اپنے مستقبل اور پاکستان کے لیے گھروں سے نکلیں۔ 27 ستمبر ملک کی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا دن ہوگا۔

وہ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں اسٹریٹ موومنٹ کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں اور عوام سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کشمور سے جیکب آباد تک عوام کا جوش، جذبہ اور جنون قابل دید ہے، جس سے محسوس ہورہا ہے کہ انقلاب سندھ کی دھرتی پر دستک دے چکا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور یہی نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ انہیں عدالتوں کے ذریعے انصاف ملے اور وہ قانونی راستے سے باہر آئیں۔سہیل آفریدی نے موجودہ عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آئینی ترامیم کے بعد عدلیہ کمزور ہوئی ہے اور ججز کو اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے عمران خان کے علاج سے متعلق عدالتی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے ججز کے احکامات پر بھی عمل نہیں کیا گیا اور انہیں مطلوبہ علاج کے لیے اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مختلف مشکلات اور طویل قید کے باوجود عمران خان اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ان کے مطابق جن لوگوں نے عمران خان کو جیل میں بھیجا، وہ چاہتے ہیں کہ عمران خان ان سے ڈیل کرکے انہیں معاف کردیں، تاہم بانی پی ٹی آئی اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ادارے اپنا کردار ادا نہیں کررہے اور سیاست میں مداخلت کا سلسلہ جاری ہے تو ایسے حالات میں تحریک انصاف کے نوجوان ہی امید کی کرن ہیں۔ عمران خان اڈیالہ جیل سے نوجوانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور 27 ستمبر کو انہیں اپنی قیادت کی امید پر پورا اترنا ہوگا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر عوام کے پاس اپنی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا موقع ہے، اس روز آزاد عدلیہ کی بحالی، صحافت کی آزادی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔

انہوں نے سیاسی مخالفین پر الزام عائد کیا کہ جعلی ووٹوں کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے جبکہ 26 نومبر کے واقعات میں فائرنگ کرنے والوں سے بھی حساب لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی قیادت کی کال کا انتظار کریں اور 27 ستمبر کو صرف اسلام آباد کے بجائے ملک بھر میں نکلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کو اس مقصد کے لیے میدان میں لایا جاسکتا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکن اپنے اصل مقصد سے توجہ ہٹا کر دوسری لڑائیوں میں الجھ جائیں، اس لیے کارکن محتاط رہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بعض قوتیں نہیں چاہتیں کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں کیونکہ ان کے باہر آنے سے ان کے سیاسی مفادات متاثر ہوں گے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ عمران خان ملک کی معیشت بہتر بنانے اور سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے عمران خان کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ، سندھی، پشتون، پنجابی، کشمیری، گلگتی اور اردو بولنے والے سمیت ملک کے مختلف طبقات انہیں اپنا قائد تسلیم کرتے ہیں۔ ان کے بقول سندھ سمیت پورے پاکستان میں عمران خان اور تحریک انصاف کا سیاسی اثر برقرار ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد کا مقصد پاکستان کو مضبوط اور معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے۔ خیبرپختونخوا سے لاکھوں افراد اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے جبکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے کارکن بھی بھرپور شرکت کریں۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ 27 ستمبر کے لیے بھرپور تیاری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی دستیاب ہو تو گاڑی، سائیکل ہو تو سائیکل اور اگر کوئی سواری میسر نہ ہو تو پیدل ہی نکلیں، کیونکہ یہ جدوجہد اپنے، اپنے بچوں کے مستقبل اور پاکستان کے لیے ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ 27 ستمبر ملک کی تاریخ اور تقدیر بدلنے کا دن ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں