محمد جاوید قصوری 13

20ستمبر کوجماعت اسلامی کے لانگ مارچ میں لاکھوں افراد شریک ہونگے ‘ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ آئی پی پیز کو کیپیسٹی چارجز کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگی بند کی جائے، حکمرانوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی سرکاری گاڑیوں کی تعداد کم کی جائے، سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے اور وفاقی حکومت صوبائی محکموں کے لیے فنڈز مختص کرنا بند کرے،جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا حکمرانوں کے پاس کوئی مدلل جواب نہیں، کیونکہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے مخصوص مافیاز کو نوازنے میں مصروف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 20ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمران شوگر مافیا کی جانب سے چینی برآمد کرنے کے مطالبات پورے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ مطالبات حکمرانوں کے اپنے مفادات رکھنے والے طبقات کی طرف سے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کر رکھا ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جو حکمرانوں کے لیے شرم کا مقام ہے۔ ملک پر مسلط وڈیرے اور جاگیردار عوام کے لیے عذاب بن چکے ہیں۔

اس استحصالی نظام سے نجات حاصل کرنے کے لیے محض چہروں کی تبدیلی کافی نہیں، بلکہ پورے نظام کو تبدیل کرنا ہوگا۔ عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے منظم اور پُرامن جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ ملک میں انصاف، مساوات اور حقیقی عوامی نمائندگی پر مبنی نظام قائم ہو سکے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں قائم جماعت اسلامی کی کمیٹی نے حکومت پر واضح کر دیا گیا ہے کہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ کیا جائے، بصورت دیگر مذاکرات جاری رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی مالی بوجھ ہے، جس کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب پُرامن مارچ کرے گی اور ملک بھر سے لاکھوں افراد وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ مارچ کے راستے بند کرکے اسلام آباد کے شہریوں اور شرکاء کے لیے مشکلات پیدا نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینرز جماعت اسلامی کا راستہ نہیں روک سکتے، کیونکہ جماعت اسلامی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے ہمیشہ پُرامن اور جمہوری طریقے سے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج کسی فرد یا طبقے کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہے۔ اس سے قبل بھی جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف دھرنے اور مارچ کیے، جن کے نتیجے میں عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف حاصل ہوا۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ 20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کی تیاریاں تیز کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے، اور جماعت اسلامی اپنی پُرامن جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں