عظمی بخاری 14

14سال سے آپ دھرنوں پر لگے ہوئے ہیں اب آپ کو فیض نہیں ملنا’ عظمیٰ بخاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 14سال سے آپ دھرنوں پر لگے ہوئے ہیں اب آپ کو فیض نہیں ملنا، فیض اب جاچکا ہے،ایک وزیر اعلی لاہور آیا تھا ،کیا ملا اسے ،خالی ہاتھ واپس گیا، یہ ملاقات مانگ رہے ہیں ایسے ملاقات نہیں ہونی، دوسری مرتبہ نومئی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان میں ایک ایسا گروہ موجود ہے جسے ملک میں ہونے والی ہر اچھی خبر سے تکلیف ہوتی ہے، خیبرپختونخوا میں 13سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے اپنی چھت اپنا گھر جیسا منصوبہ کیوں شروع نہیں کیا گیا۔صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور کے ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر کے وعدے عملی شکل اختیار نہ کر سکے، پنجاب حکومت کے منصوبے اور سابق حکومت کے ہائوسنگ منصوبے میں بنیادی فرق ماڈل کا ہے، پنجاب کے منصوبے میں قرض پر سود صوبائی حکومت ادا کر رہی ہے جبکہ سابق منصوبے میں سود کی ادائیگی شہریوں کو کرنا تھی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ہیبی ٹیٹ کا سکرول آف آنر ایوارڈ ملا ہے، وزیراعلی پنجاب کی عوامی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ایوارڈ کے لیے منتخب 5منصوبوں میں پنجاب کا منصوبہ پہلے نمبر پر آیا جو صوبے کے لیے بڑا اعزاز ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 2لاکھ 30ہزار افراد کو چھت فراہم کی جا چکی ہے، وزیراعلی پنجاب 5سال میں 10لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف رکھتی ہیں اور منصوبہ اسی رفتار سے آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت ایک سے 10مرلہ تک کا پلاٹ رکھنے والے افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی ادائیگی 9سال میں کی جاتی ہے، منصوبہ میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہے اور اس میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔

صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے کہا کہ عالمی ایوارڈ صرف وزیراعلی مریم نواز کا نہیں بلکہ پاکستان کے 25کروڑ عوام کا اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے والے منصوبوں میں شامل ہے،منصوبے کے تحت 2لاکھ 20ہزار خاندانوں کو رقوم فراہم کی جا چکی ہیں، ایک لاکھ 22ہزار خاندان اپنے گھروں میں رہنا شروع کر چکے ہیں، جبکہ 278ارب روپے کی رقم عام آدمی میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام رقم سود سے پاک ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے ہائوسنگ کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور کم آمدن والے خاندانوں کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں اپنی چھت اپنا گھر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ منصوبہ صرف 2 سال کی کم ترین مدت میں اس بڑے پیمانے تک پہنچا۔بلال یاسین نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں ایک گھر بھی مکمل نہیں ہوا، جبکہ موجودہ حکومت کو دھرنوں یا سیاسی نعروں پر نہیں بلکہ عوامی خدمت کے عملی منصوبوں پر عالمی سطح پر اعزاز مل رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں