ہائیکورٹ 16

11 سال بعد قتل کیس کے ملزم کی ضمانت منظور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم محمد فاضل کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے 10لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا،عدالت کے مطابق ملزم کے خلاف 2015ء میں قتل اور دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ ملزم جنوری 2024ء سے جیل میں ہے۔

جسٹس سید فرہاد علی شاہ نے ملزم محمد فاضل کی درخواست ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ جاری کیا، عدالت نے اپنے پانچ صفحات پر مشتمل فیصلے میں مقدمے کے ٹرائل میں ہونے والی غیر معمولی تاخیر کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت منظور کی۔فیصلے میں کہا گیا کہ ڈھائی سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مقدمے میں ایک بھی گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں ہوسکا۔ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ ٹرائل میں تاخیر کی ذمہ داری ملزم پر عائد نہیں ہوتی، عدالت نے مزید کہا کہ مقدمے میں تاخیر کی صورت میں ملزم کی سابقہ روپوشی بھی ضمانت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے کے موجودہ حالات اور ٹرائل میں پیش رفت نہ ہونے کے پیش نظر ملزم کو مزید قید میں رکھنا مناسب نہیں، چنانچہ محمد فاضل کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں