برسلز (رپورٹنگ آن لائن)یورپی یونین نے پولستانی آئینی ٹریبیونل کے ایک فیصلے کے بعد رکن ملک پولینڈ کے خلاف قانونی اقدامات شروع کر دئیے۔ وارسا میں آئینی ٹریبیونل نے فیصلہ سنایا تھا کہ یورپی یونین کے معاہدے پولستانی قوانین سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس تناظر میں برسلز میں یورپی کمیشن کی طرف سے ا علان کیا گیا کہ یونین کے ضوابط کی بنیادی ترجیحی حیثیت کی نفی کرنے پر کمیشن نے وارسا کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اس کارروائی کی ایک وجہ یہ بھی بنی کہ وارسا حکومت کی طرف سے متعارف کردہ قانونی اور عدالتی اصلاحات کے بعد پولینڈ کی عدلیہ کا ہر حال میں جانب دار رہنا یقینی نہیں رہا اور یہ بات یورپی کمیشن کو کسی بھی طور قبول نہیں۔یورپی یونین کے کمیشن کے برسلز میں کیے گئے اعلان کے رد عمل میں پولینڈ کے نائب وزیر انصاف سباستیان کالیٹا نے کہا کہ برسلز نے پولینڈ کے خلاف جس نئی قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے، وہ پولینڈ کی ریاستی خود مختاری پر حملے کے مترادف ہے۔









