لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیش نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او منڈی بہائوالدین کو کل( بدھ)ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس محمد طارق ندیم نے ملزم عمر فاروق کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت تفتیشی افسر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل حافظ اصغر علی کے ہمراہ پیش ہوا۔سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمے کا مکمل ریکارڈ کیوں پیش نہیں کیا گیا۔ اس پر تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ مکمل ریکارڈ اس وقت دستیاب نہیں، چالان کے ساتھ صرف کچھ ریکارڈ شامل کیا گیا ہے۔
تفتیشی افسر کے جواب پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ درخواست ضمانت جیسے اہم معاملے میں مکمل ریکارڈ کا عدالت کے سامنے ہونا ضروری ہے تاکہ مقدمے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جا سکے۔عدالت نے ناقص تیاری اورنامکمل ریکارڈ پیش کیے جانے پر ڈی پی او منڈی بہائوالدین کو آج بدھ کے روز ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقدمے کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔









