ٹرانسپورٹ 11

گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پیٹرولیم مصنوعات، خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں فوری طور پر 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ الائنس نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم نہ کیا تو ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کی سرگرمیاں معطل کی جا سکتی ہیں۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے آپریٹنگ اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ ان کے بقول پہلے ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 70 پیسے اور بعد ازاں مزید 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز کے لیے سابقہ کرایوں پر خدمات جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے، کیونکہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا براہِ راست اثر مال برداری کے اخراجات پر پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے تو ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز احتجاج پر مجبور ہوں گے اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔ملک شہزاد اعوان نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پالیسی کی مذمت کی اور کہا کہ اس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کا شعبہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور قیمتوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کیے گئے احتجاج اور ہڑتال کی بھی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری اپنے جائز مطالبات کے حصول کے لیے پیٹرول پمپ مالکان کے ساتھ کھڑی ہے۔ٹرانسپورٹرزنے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث مال برداری کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جس کے اثرات ملکی معیشت، کاروباری سرگرمیوں اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر بھی مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں