شازیہ ماریہ 9

گلگت بلتستان میں پری پول رگنگ کی اطلاعات تشویشناک، انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوششیں بند کی جائیں: شازیہ مری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان نے گلگت بلتستان میں انتخابی عمل میں مبینہ مداخلت اور پری پول رگنگ کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی میدان میں شکست کے خوف نے سیاسی مخالفین کو غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے استعمال پر مجبور کر دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے مخالف سیاسی قوتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، جس کے باعث انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں آزاد، شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ عوام اپنی رائے کا آزادانہ اظہار کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف انتخابی حلقوں سے انتخابی عمل میں مداخلت، بے ضابطگیوں اور سرکاری مشینری کے استعمال سے متعلق شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ بعض مقامات پر انتظامی افسران کے تبادلوں جبکہ بعض حلقوں میں ووٹر لسٹوں میں ردوبدل کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جو انتخابی عمل کی شفافیت پر سنجیدہ سوالات اٹھاتی ہیں۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کسی بھی کوشش کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل اور مشینری کے ذریعے انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کی اطلاعات نہایت تشویشناک ہیں اور متعلقہ اداروں کو ان کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے اور عوامی رائے پر اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی انتخابی مہم میں سرگرم شرکت بھی انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے، جس کا نوٹس لیا جانا ضروری ہے۔مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح کریں کہ انتخابی عمل کو غیر جانبدار، شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت شفاف، منصفانہ اور ایماندارانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران گلگت بلتستان میں پنجاب پولیس کی موجودگی بھی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے، جس کی وضاحت ضروری ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری مشینری کے استعمال اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق ہر شکایت کا فوری اور غیر جانبدارانہ نوٹس لیا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے جمہوری قوتوں کا ساتھ دیں گے اور کسی بھی صورت عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شازیہ مری نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے اور انتخابی عمل پر عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں