جعفرخان مندوخیل 16

کوئٹہ ،تربت کو ڈومیسٹک فلائٹ کے ذریعے پاکستان کے تمام بڑے شہروں سے منسلک کر چکے ہیں،جعفرخان مندوخیل

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ آج ہم نے کوئٹہ اور تربت کو ڈومیسٹک فلائٹ کے ذریعے پاکستان کے تمام بڑے شہروں سے منسلک کر چکے ہیں۔ اور انشاء اللہ بہت جلد عوام کو ژوب اور پنجگور سے ہوائی پروازوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ آج کا دن پاکستان بالخصوص بلوچستان کیلئے فضائی رابطوں کو بحال کرنے کا ایک قابل فخر لمحہ ہے۔

یہ میرے لئے ایک اعزاز ہے کہ تقریباً دو برس کے مختصر عرصے میں کوئٹہ ٹو جدہ اور کوئٹہ ٹو زائدان کی پروازوں کا آغاز کرنے کے بعد ہم آج ساؤتھ ایئر لائن کی فرسٹ ڈومیسٹک فلائٹ کا افتتاح کر رہے ہیں۔ ہم ایک ایسے مستقبل کے خواہاں ہیں جہاں بلوچستان کے عوام کیلئے پاکستان کا ہر چھوٹا اور بڑا شہر قابل رسائی بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساوتھ ائیرلائن لمیٹڈ کی کوئٹہ ٹو تربت فرسٹ ڈومیسٹک فلائٹ کے افتتاحی تقریب کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیرتعلیم راحیلہ حمیدخان درانی، رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ، ساؤتھ ائیرلائن لمیٹڈ کے بریگیڈیئر عامر ابرار، بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، جی ایم بلوچستان ایس او ایس گروپ آف کمپنیز عبد الستار اچکزئی اور کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے منیجر خالد خان کاکڑ بھی موجود تھے۔ کوئٹہ سے ساؤتھ ائیرلائن کی فرسٹ ڈومیسٹک فلائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور بلوچستان کیلئے ایک قابل فخر اور تاریخی لمحہ ہے۔ کوئٹہ سے تربت پہلی فرست فلائٹ میں مسافروں کی اتنی بڑی تعداد ہی ساؤتھ ائیرلائن لمٹیڈ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ساؤتھ ائیرلائن پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر تاریخی شہر ڑوب سے ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد اور ملتان جبکہ پنجگور سے کراچی اور کوئٹہ تک پروازیں شروع کریں۔ اس موقع پر صوبائی وزیرتعلیم راحیلہ حمیدخان درانی نے ساؤتھ ائیرلائن کی فرسٹ ڈومیسٹک فلائٹ کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پچھلے کئی برسوں سے بلوچستان کے عوام کو پاکستان کے دوسرے بڑے شہرروں تک ہوائی جہاز کے ذریعے پہنچنے میں مشکلات درپیش تھیں اور آج ساؤتھ ائیرلائن لمیٹڈ نے یہاں شدت سے محسوس کی جانے والی کمی کو پورا کر کے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لیے۔ آج ساؤتھ ائیرلائن نے کوئٹہ اور تربت کو پاکستان کے تمام بڑے شہروں سے منسلک کر کے فرسٹ ڈومیسٹک فلائٹ کا آغاز کر دیا ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ آج بلوچستان میں فضائی رابطوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا جس کی اشد ضرورت تھی۔ محفوظ اور تیزرفتار ہوائی سفر کی سہولیات میسر ہونے سے لوگوں کو اپنا قیمتی وقت، انرجی اور حادثات سے محفوظ رہنے میں مدد ملے گی۔ رحمت صالح بلوچ نے پنجگور سے ڈومیسٹک فلائٹ شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی سفر کی سہولیات کی فراہمی سے بہت سی آسانیاں پیدا ہو جائیں گئیں۔

پنجگور، تربت اور گوادر وغیرہ میں قومی شاہراہوں کی تعمیر اور ہوائی سفر کی سہولیات کی فراہمی میں گورنر بلوچستان کی خصوصی مدد اور حمایت حاصل تھی جس پر ہم تمام علاقے کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ساؤتھ ائیرلائن لمیٹڈ کی کوئٹہ سے پہلی پرواز اور اس کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں