ڈاکٹر عشرت العباد خان 10

کراچی کے شہری مسائل کے حل کے لیے کارکنان متحرک ہوں، ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کے روحِ رواں، سابق گورنر سندھ اور نشانِ امتیاز ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام بدانتظامی اور ناقص شہری سہولتوں کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مزید دشوار بنا دی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو ریلیف فراہم کریں، غیر ضروری اخراجات میں کمی لائیں اور شہری مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

کراچی کے ٹاؤنز اور یونین کونسلز کے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ہدایت کی کہ کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں شہریوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کی شکایات میئر کراچی، ٹاؤن چیئرمینز، یونین کونسل کے نمائندوں، اراکین قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی تک پہنچائیں۔ انہوں نے پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر بنیادی شہری سہولتوں سے متعلق شکایات کو خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت منتخب نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور شہریوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہییں۔

اگر مسلسل شکایات کے باوجود مسائل حل نہ ہوئے تو یہ معاملہ عوامی سطح پر اٹھایا جائے گا اور متعلقہ حکام سے جواب طلبی کی جائے گی۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہر چیز پر مقدم ہیں۔ ان کے مطابق پاک افواج کے جوان دہشت گردی اور دیگر سکیورٹی خطرات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، اس لیے سیاسی قیادت کو بھی ریاستی مفاد کو ذاتی اور سیاسی مفادات پر ترجیح دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ”پہلے ریاست، بعد میں سیاست” قومی ذمہ داری کا تقاضا ہے۔ قومی سلامتی، ملکی استحکام اور عوامی یکجہتی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حصہ ہے، تاہم قومی مفادات پر اتفاقِ رائے وقت کی اہم ضرورت ہے۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی شہری آبادی، انتظامی مسائل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔ ملک بھر میں صوبوں کی تشکیلِ نو سے متعلق عوامی مطالبات اور تجاویز کو بھی انتظامی ضروریات، عوامی سہولت اور آئینی طریقہ کار کے مطابق زیرِ غور لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مقصد کسی علاقے یا زبان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو تقسیم کرنا نہیں، بلکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر انتظامی سہولتیں فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے قومی یکجہتی، باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے اخراجات نے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کا احساس کرتے ہوئے فوری ریلیف اقدامات کریں، غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کریں اور دستیاب وسائل تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی شہری سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات اور مسائل کے مستقل حل کی ضرورت ہے۔اجلاس کے دوران میری پہچان پاکستان کے انچارج نہال احمد صدیقی اور دیگر تنظیمی ذمہ داران نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کو تنظیمی سرگرمیوں، ٹاؤن کمیٹیوں اور یونین کونسلز کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے، کارکنان کو عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک کرنے اور شہری شکایات متعلقہ حکام تک پہنچانے کے نظام کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں، ان کے مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ منتخب نمائندوں اور اداروں سے رابطہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی کسی بھی سیاسی اور سماجی تنظیم کی اصل پہچان ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں