سندھ ہائی کورٹ 11

کراچی کاٹن ایکسچینج کیس، توہین عدالت کی درخواست دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی سفارش

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو کراچی کاٹن ایکسچینج کی عمارت کا قبضہ نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

توہین عدالت کی درخواست پر متروکہ املاک ٹرسٹ کے وکیل محمد منصف ایڈووکیٹ نے اعتراض کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بینچ کے سربراہ جسٹس عدنان الکریم میمن اس کیس کی سماعت سے پہلے ہی معذرت کر چکے ہیں۔درخواست گزار کے وکیل انور منصور خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ 18 جون کو عدالت نے ایف آئی اے کے اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا تھا اور کراچی کاٹن ایکسچینج کو کرایہ کی ادائیگی کی شرط پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔

تاہم ایف آئی اے نے اب تک عمارت خالی نہیں کی اور درخواست گزار یا اس کے نمائندوں کو عمارت میں داخل ہونے اور سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ متروکہ املاک ٹرسٹ عدالتی حکم کے اس حصے پر عملدرآمد پر زور دے رہا ہے جس کے تحت ملکیت سے متعلق موقف پیش کرنا ہے، مگر متعلقہ دستاویزات یا تو ایکسچینج کی عمارت میں ہیں یا ایف آئی اے کے قبضے میں، اس لیے مکمل ریکارڈ کے بغیر کارروائی میں حصہ لینا ممکن نہیں۔

متروکہ املاک ٹرسٹ کے وکیل نے استدعا کی کہ توہین عدالت کی ایک اور درخواست 13 جولائی کو مقرر ہے، اس درخواست کو بھی اس کے ساتھ منسلک کر دیا جائے۔ بعد ازاں آئینی بینچ نے سماعت سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے معاملہ کسی دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کے لیے چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں