سندھ ہائی کورٹ 8

ڈاکٹر شاہنواز کنبھر قتل کیس: سندھ ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے میرپورخاص میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے قتل کے مقدمے میں ایف آئی اے کی جانب سے درج ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کی ملزمان کی درخواست مسترد کر دی۔

عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ ایف آئی اے کو اس نوعیت کے مقدمات میں نئی ایف آئی آر درج کرنے کا اختیار حاصل نہیں تھا، تاہم اس قانونی تشریح کی غلطی کی بنیاد پر ملزمان کو فائدہ نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ مقدمے کی کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے اپنے سابقہ حکم میں صرف تفتیش ایف آئی اے کو منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی، نئی ایف آئی آر درج کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا گیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ کسٹوڈیل ٹارچر اینڈ ڈیتھ قانون کے تحت ایف آئی اے کو نئی ایف آئی آر درج کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ پولیس کی پہلی ایف آئی آر پہلے ہی منسوخ ہو چکی ہے جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمے کا چالان بھی عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے۔ عدالت کے مطابق موجودہ معاملہ محض قانونی طریقہ کار کی خامی ہے جسے درست کیا جا سکتا ہے، اس لیے ایف آئی اے کے درج کردہ مقدمے کو پولیس مقدمے کے طور پر تصور کرتے ہوئے کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں