وائٹ پیپر کا اجراء 11

چین-شمالی کوریا تعلقات کی ترقی کے لیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی گئی ہے، چینی صدر

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چین کے صدر شی جن پھنگ نے شمالی کوریا کی ورکرز پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور ریاستی امور کمیشن کے چیئرمین کم جونگ اُن نے چین-شمالی کوریا دوستی اور باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکبادی پیغامات کا تبادلہ کیا۔

ہفتہ کے روز شی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1961 میں، چین اور شمالی کوریا کی سابقہ قیادت نے اس معاہدے پر دستخط کیے، جس نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم سیاسی اور قانونی بنیاد فراہم کی۔ رواں سال جون میں، انہوں نے شمالی کوریا کا کامیاب سرکاری دورہ کیا، جہاں جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کے دوران نئے دور میں چین-شمالی کوریا تعلقات کی ترقی کے لیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی گئی۔

شی جن پھنگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی حالات میں خواہ کتنی ہی تبدیلی کیوں نہ آئے، دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی کو بہت اہمیت دینے کا چین کا موقف بدستور برقرار ہے۔انہوں نے شمالی کوریا میں سوشلسٹ کاز کے عمل کے لیے اپنی حمایت، دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور سازگار اسٹریٹجک ماحول برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کم جونگ اُن نے اپنے پیغام میں کہا کہ شمالی کوریا اور چین کے درمیان دوستانہ تعاون پر مبنی تعلقات دونوں جماعتوں اور عوام کا اسٹریٹجک انتخاب اور مشترکہ قیمتی اثاثہ ہیں، جو مسلسل ایک نئی بلندی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی پارٹی اور حکومت، دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

کم جونگ اُن نے شی جن پھنگ کے ساتھ مل کر شمالی کوریا -چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور اسے سوشلسٹ ممالک کے درمیان سب سے مضبوط اور سٹریٹجک تعلقات کی ایک مثال بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں