چینی صدر

چینی صدر کاسیلاب کی روک تھام اور آفات سے نمٹنے پر زور

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ نے شمال مشرقی چین کے صوبہ لیاؤننگ کے شہر جن زو کا دورہ کیا۔ جن زو شمالی چین اور شمال مشرقی چین کو جوڑنے والا نقل و حمل کا ایک مرکز ہے، اور طویل عرصے سے ایک اسٹریٹجک مقام بھی رہا ہے۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق رواں موسم گرما میں طوفانی بارشوں کے سبب لیاؤننگ کو شدید ترین سیلابی صورتحال کا بھی سامنا رہا ہے۔سیلاب کی روک تھام اور آفات سے بچاو کا تعلق لوگوں کی جان و مال کے تحفظ سے ہے۔ شی جن پھنگ نے جن زو میں تمام سطحوں کی مقامی پارٹی کمیٹیوں اور حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب پر قابو پانے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے مختلف اقدامات پر بھرپور عمل درآمد کریں، متاثرہ لوگوں کو مناسب رہائش فراہم کریں، لوگوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، آفات کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے بہتر منصوبے ترتیب دیں، اور متاثرہ لوگوں کے معمولات زندگی کی جلد بحالی میں مدد کریں۔

شی جن پھنگ نےگزشتہ دو سالوں میں اپنے ملکی دوروں کے دوران بارہا سیلاب پر قابو پانے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ دو ماہ قبل شی جن پھنگ نے دورہ سی چھوان کے دوران ایک مرتبہ پھر اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ علاقوں اور محکموں کو قبل ازوقت مختلف ہنگامی تیاریاں کرنی چاہیے اور آفات سے بچاؤ کی صلاحیتوں کو جامع طور پر بہتر بنانا چاہیے۔

اسی روز انہوں نے ایسٹ لیک فاریسٹ پارک کا دورہ کیا۔ایک اچھا ماحول شمال مشرقی چین کی اقتصادی اور سماجی ترقی کا ایک قیمتی اثاثہ ہے۔شمال مشرقی چین کے اپنے دوروں کے دوران شی جن پھنگ نے بارہا ماحولیاتی تحفظ اور سبز ترقی پر زور دیا ہے۔ مئی 2016 میں، شی جن پھنگ نے صوبہ ہیلونگ جیانگ میں شی شوئی نیشنل فاریسٹ پارک کا دورہ کیا، اور جنگلاتی علاقوں کی اقتصادی تبدیلی اور ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ماحول کی اہمیت اسٹریٹجک نوعیت کی ہے۔

1990 کی دہائی سے قبل، شمال مشرقی چین نسبتاً ترقی یافتہ معیشت کے ساتھ چین میں ایک اہم صنعتی اڈہ تھا۔ اصلاحات اور کھلے پن کی گہرائی کے ساتھ، شمال مشرقی خطے کی اقتصادی ترقی کی رفتار آہستہ آہستہ مشرقی ساحلی علاقے سے پیچھے رہ گئی۔ یہی وجہ ہے کہ چین نے شمال مشرقی چین جیسے پرانے صنعتی اڈوں کو بحال کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔