اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں جی ٹی روڈ پر ریلوے پھاٹک کے قریب چنگچی اڈے میں ہونے والے افسوسناک دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت خواتین اور بچوں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد مکمل صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔









